ہتھیار پھینک کر پاکستان کا آئین قبول کرنے والوں سے بات چیت ہو سکتی ہے، وزیر داخلہ

4  اکتوبر‬‮  2021

اسلام آباد– 4اکتوبر (اے پی پی): وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پنڈورا پیپرز میں موجود تمام 700 افراد کے خلاف تحقیقات کرانے کا اعلان کرکے سب کے منہ بند کر دئیے ہیں، ہتھیار پھینکنے اور پاکستان کے آئین کو قبول کرنے والوں کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے، آئندہ تین ہفتوں کے اندر افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ سروس کا اجراء کر دیا جائے گا، جعلی شناختی کارڈز کے اجراء میں ملوث 136 افراد کو معطل کر دیا ہے، اسلام آباد پولیس کی نفری میں 1000 اہلکاروں کا اضافہ کر رہے ہیں۔

پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میلوڈی فوڈ سٹریٹ کو بحال کیا جا رہا ہے اور شکرپڑیاں میں نئی فوڈ سٹریٹ کا بھی آغاز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے والے نادرا افسران کو برطرف کر دیا گیا ہے

 جعلی شناختی کارڈ میں ملوث 136 افسروں کو معطل کر دیا گیا ہے، 90 انکوائریاں کی گئیں،تقریباً 300 لوگوں کو چارج شیٹ کیا گیا، شناختی کارڈ میں 10 سال کا گند صاف کر لیں گے، شناختی کارڈ کے حوالے سے نئی پالیسی لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی کے موقع پر قیدیوں کو 90 دن کی چھوٹ دے رہے ہیں۔ افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ کا اجراء کر دیا جائے گا، آئندہ منگل تک 8 ڈالر کی فیس کو ختم کرنے جا رہے ہیں، پرمٹ سہولت 2 سے 3 ہفتے تک صرف آن لائن ویزہ کے لیے ہوگی، 15 اگست سے اب تک 20 ہزار افغانی پاکستان آئے ہیں جبکہ 6 ہزار افغانستان گئے اور 10 ہزار افراد دوسرے ملکوں میں گئے ہیں جبکہ چمن بارڈر پر 16 ٹرمینلز کے ساتھ آئی بی ایم ایس شروع کر دی ہے، آن لائن کے بعد 3 ہفتوں کے اندر سسٹم ٹھیک ہو جائے گا، 3 ہفتے کے اندر پرمٹ کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔

افغانستان کے حالات ابھی بہت حساس ہیں

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات حساس ہیں، ہم وہاں بہتری چاہتے ہیں، وہاں پر آن لائن ویزہ بہتر سہولت ہے، دوہرے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حوالے سے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چمن بارڈر پر 5 مزید ٹرمینلز شامل کر رہے ہیں، سکردو اور دور دراز علاقوں میں شناختی کارڈ کی سہولت دے رہے ہیں، گوادر اور چمن بارڈر پر نادرا کی موبائل وینز کی سہولت فراہم کی ہے۔

وزیراعظم نے پنڈورہ پیپرز میں آنے والے 700 افراد کے خلاف تحقیقات کا اعلان کر کے سب کے منہ بند کر دئیے

پنڈورہ پیپرز کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہناتھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنڈورہ پیپرز میں موجود تمام 700 افراد کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی، وزیراعظم کے بیان نے سب کے منہ بند کر دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے گزشتہ روز ہمارے چار جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ہے، جو لوگ ہتھیار پھینکیں گے ان سے اور پاکستان کے آئین کو قبول کرنے والوں کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آج سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک نیا کالج دیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ کسی بھی دن اس کالج کا افتتاح ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے پاس تھرڈ ملک کا ویزہ ہے تو ہمیں پوچھنے کی ضرورت نہیں، جس نے پاکستان آ کر قیام کرنا ہے اور تھرڈ کنٹری کا ویزہ نہیں تو آن لائن ویزہ لے، لوگ سٹکر لگانے کے پیسے لگاتے تھے، اب وزارت داخلہ میں کرپشن ختم ہو چکی ہے، اب تمام ویزہ آن لائن ہے اور گھر بیٹھے دیکھ سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved