اب ٹوئٹر پر پوری کتاب بھی پوسٹ کی جا سکے گی

19  جولائی  2023

ایک زمانہ تھا جب ایک ٹوئٹر پوسٹ محض 140 حروف کی ہوتی تھی، یہ تعداد 2017 میں بڑھا کر 280 کر دی گئی۔

مگر اکتوبر 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر میں کافی کچھ تبدیل ہوا ہے اور اب ویریفائیڈ صارفین 10 ہزار حروف پر مشتمل ٹوئٹس بھی کر سکتے ہیں۔

اب یہ کمپنی ایک ایسے نئے فیچر پر کام کر رہی ہے جس سے صارفین 10 ہزار حروف سے بھی زیادہ طویل پوسٹس کر سکیں گے۔

اس بات کی تصدیق ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کی۔

اس فیچر کو ٹوئٹر نوٹس کا نام دیا گیا ہے جو بنیادی طور پر ٹوئٹر کے ایک پرانے فیچر آرٹیکلز کا نیا نام ہے۔

ایلون مسک نے بتایا کہ اس فیچر کے ذریعے صارفین بہت زیادہ طویل اور پیچیدہ مضامین میڈیا فائلز کے ساتھ پوسٹ کر سکیں گے۔

درحقیقت ان کا کہنا تھا کہ اس نئے فیچر کے ذریعے اگر صارف کی مرضی ہوئی تو وہ پوری کتاب کو بھی شائع کر سکے گا۔

ایلون مسک کی اس بات سے لگتا ہے کہ اس فیچر کے لیے الفاظ کی کوئی حد نہیں ہوگی۔

طویل نوٹس مضامین ایک الگ فیڈ میں پوسٹ ہوں گے اور تکنیکی طور پر روایتی ٹوئٹ نہیں ہوں گے، مگر صارفین اپنے مضامین براہ راست ٹوئٹ کر سکیں گے۔

اسی طرح صارفین ان میں تصاویر، gif امیجز اور ویڈیوز بھی ایڈ کر سکیں گے جبکہ مختلف ٹیکسٹ ایڈیٹنگ ٹولز بھی انہیں دستیاب ہوں گے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر ٹوئٹر بلیو کے صارفین تک محدود ہوگا یا سب کے لیے دستیاب ہوگا۔

یہ فیچر فی الحال ٹوئٹر کے بیٹا (beta) ورژن میں محدود صارفین کو دستیاب ہے۔

مگر یہ نیا فیچر ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو سپر ایپ میں بدلنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

ایلون مسک طویل عرصے سے ٹوئٹر کو وی چیٹ اور ایسی دیگر سپر ایپس کی طرح بنانے کا خیال ظاہر کر رہے ہیں اور اسی مقصد کے لیے پیمنٹس اور دیگر تبدیلیوں کو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنانے پر کام کر رہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved