پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی مخصوص نشستوں کا معاملہ، الیکشن کمیشن حکام فوری ہائیکورٹ طلب

28  مارچ‬‮  2024

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی مخصوص نشستوں کے حصول کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن حکام کو فوری طلب کرلیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ملک حبیب نور اورکزئی کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکیل درخواست گزار کو ہدایت کی کہ ابھی آپ انتظار کریں، الیکشن کمیشن کو ابھی بلا لیتے ہیں، اگر الیکشن کمیشن والے نہیں آتے تو فیصلہ کر دیں گے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ چار مارچ کا مخصوص نشستوں کا آرڈر جاری ہوا اور ہمیں صرف ایک مخصوص نشست دی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار پارٹی کیوں نہیں ہے، جنرل سیکریٹری کا اختیار نہیں ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ پارٹی نے ہی جنرل سیکریٹری کے ذریعے درخواست دی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی پارٹی کے کتنے ممبر صوبائی اسمبلی ہیں؟ وکیل درخواستگزار نے بتایا کہ ہمارے دو ایم پی اے ہیں اور دونوں کے نوٹیفکیشن بھی ساتھ لگائے ہیں، تین مارچ کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایک سیٹ دی گئی جبکہ ہماری دو سیٹیں ہیں، الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک سیٹ پر اسٹے ہے اس لیے ایک مخصوص نشست دی جبکہ اسٹے ختم بھی ہوچکا ہے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن حکام کو طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کر دیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved