وزیر اعظم کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات، سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

16  اپریل‬‮  2024

وزیر اعظم شہباز شریف سے سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیرِ اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا، وزیر اعظم نے سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین اور شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

سعودی وفد میں سعودی نائب وزیرِ برائے سرمایہ کاری عزت مآب انجینئر ابراہیم بن یوسف المبارک، سعودی وزیر برائے ماحولیات، آبی وسائل و زراعت عزت مآب انجینیئر عبدالرحمن بن عبدل محسن آلفضلی، سعودی وزیرِ صنعت و معدنی وسائل عزت مآب انجینیئر بندر بن ابراہیم بن عبداللہ آلخریف اور اعلٰی سعودی حکام و سفارتی اہلکار شامل تھے۔

وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحق ڈار سمیت وفاقی وزرا شریک ہوئے، اجلاس میں تمام وزرا نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد کے حوالے سے آگاہ کیا، سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز، سولر پراجیکٹس اور کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔

اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جس کی نظیر نہیں ملتی، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورہء پاکستان خوش آئند ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ پاکستان سعودیہ اسٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے، پاکستان، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔

ملاقات میں وزیرِ اعظم نے سعودی ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ولی عہد عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے۔

بعد ازاں سعودی وفد نے وزیرِ اعظم کا پاکستان کی جانب سے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ نے پاک سعودیہ تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس کے علاوہ سعودی وزیر خارجہ نے تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلی سطح سعودی وفد پاکستان پہنچا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نور خان ایئر بیس پہنچنے پر وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سمیت کابینہ کے اراکین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

اس موقع پر بچوں نے سعودی وزیر کو پھول پیش کیے اور آرمی بینڈ کی جانب سے اسٹیٹک گارڈ کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان درینہ برادرانہ تعلقات ہیں، یہ دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا جب کہ دورہ اقتصادی شراکت داری کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

سعودی عرب کے وفد میں سعودی وزیر برائے پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن عبدالمحسن الفادلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر ابراہیم الخورائف، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام شامل ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved