وزارت آئی ٹی کے نیٹ ورکنگ سسٹم پر سائبر حملہ

10  مئی‬‮  2022

وزارت آئی ٹی کے نیٹ ورکنگ سسٹم پر سائبر حملے کو ناکام بنا دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق  وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ سائبر حملہ صبح ساڑھے گیارہ بجے کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے این ٹی سی کے سسٹم پر سائبر حملہ ہوا تھا جس پر مختلف محکموں کی ویب سائٹس ہیں لیکن سائبر سیکیورٹی کے جامع نظام کی وجہ سے حملہ ناکام ہو گیا۔

ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کے مطابق سائبر حملے کی وجہ سے کچھ محکموں کی ویب سائٹس ازخود معطل ہوئیں لیکن تمام ویب سائٹس کو تین گھنٹے کے مختصر ترین وقت میں فعال کردیا گیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ سائبر حملہ ڈیٹا سینٹر پر نہیں، نیٹ ورکنگ سائیڈ پر کیا گیا تھا۔ سائبر حملے سے این ٹی سی سے منسلک سرکاری و نجی ویب سائٹس متاثر ہوئیں جن میں  پی ایم آفس کی ویب سائٹ بھی شامل تھی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق اس سائبر حملے سے ایف بی آر، اسٹیٹ بینک اور نادرا کی ویب سائٹس متاثر نہیں ہوئیں۔

وفاقی وزارت آئی ٹی کے ذمہ دار ذرائع نے اس سے قبل بتایا تھا کہ ڈی ڈاس اٹیک کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک چوک کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن ڈی ڈاس اٹیک میں ڈیٹا چوری نہیں ہوا۔

وزارت آئی ٹی کے حکام کے توسط سے بتایا ہے کہ سرکاری اور پرائیوٹ ویب سائٹس پر ہونے والے حملے کو فائر وال کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی۔

وفاقی وزارت آئی ٹی نے تمام متعلقہ اداروں سے اس ضمن میں تفصیلات طلب کر لی ہیں جب کہ سیکریٹری آئی ٹی نے کل اجلاس بلا لیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved