سپریم کورٹ نے حمزہ شہباز کو عبوری وزیراعلیٰ بحال کر دیا

23  جولائی  2022

سپریم کورٹ آف پاکستان نے حمزہ شہباز شریف کو عبوری وزیراعلیٰ بنا دیا۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں فل بینچ نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے حمز شہباز کا بطور وزیراعلیٰ یکم جولائی کا سٹیٹس بحال کر دیا۔ حمزہ شہباز ایک مرتبہ پھر عبوری وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔پرویز الہیٰ کی درخواست پر سپریم کورٹ کی جانب سے آج بروز ہفتہ 23 جولائی کو 3 رکنی فل بینچ تشکیل دیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تشکیل دیئے گئے بینچ میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔رجسٹرار آفس سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی جانب سے پرویز الہیٰ کی درخواست پر 22/2022 کا نمبر لگایا گیا۔

آج ہونے والی سماعت میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے وکیل بیرسٹر علی ظفر کی جانب سے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے معزز عدالت کے روبرو کہا گیا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوا، حمزہ شہباز نے 179 جب کہ پرویز الہیٰ نے 186ووٹ حاصل کیے، ڈپٹی اسپیکر نے ق لیگ کے دس ووٹ مسترد کردیے، ڈپٹی اسپیکر نے چوہدری شجاعت حسین کے مبینہ خط کو بنیاد بنا کر ق لیگ کے ووٹ مسترد کیے، جب کہ پارلیمانی پارٹی کے کردار کو نظر انداز کیا۔

علی ظفر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر نے اپنی رولنگ میں سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھا۔ جس پر چیف جسٹس نے علی ظفر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کو ذاتی طور پر طلب کرلیتے ہیں۔ دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل کو بھی معاونت کے لیے طلب کرلیتے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر ہی بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے کس پیرا گراف کا حوالہ دیا۔ انہوں نے علی ظفر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کو کتنی دیر میں طلب کریں، اس پر علی ظفر نے عدالت سے کہا کہ دو گھنٹے میں بلوا لیں۔

چیف جسٹس نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کو فوری طور پر اسمبلی کے الیکشن کے ریکارڈ سمیت عدالت میں طلب کرلیا، جب کہ اٹارنی جنرل کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved