عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

24  ‬‮نومبر‬‮  2023

قومی ٹیم کے نامور آل راؤنڈر عماد وسیم نے حیران کن طور پر اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کے حوالے سے کافی سوچتا رہا ہوں اور اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا بالکل درست وقت ہے۔

عماد نے گزرے سالوں کے دوران سپورٹ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لیے اعزاز کی بات تھی اور 121 ون ڈے اور ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی سے میرا ملک کی نمائندگی کا خواب پورا ہو گیا۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھا وقت ہے جو نئے کوچز اور قیادت کے سائے میں آگے کی جانب گامزن ہے، میں ان کی کامیابی کا خواہشمند اور ٹیم کی شاندار فتوحات دیکھنے کا منتظر ہوں۔

عماد نے شائقین کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے مکمل حمایت کرنے پر اپنے اہلخانہ اور دوستوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب میری نظریں انٹرنیشنل اسٹیج سے ہٹ کر اپنے کیریئر کے اگلے مرحلے پر توجہ دینے پر مرکوز ہیں۔

عماد وسیم کے کیریئر کا آغاز 2006 میں ہوا تھا اور وہ انڈر19 ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے رکن تھے اور 2008 کے اگلے انڈر19 ورلڈ کپ میں انہوں نے پاکستان کی قیادت کی تھی۔

تاہم قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے انہیں مزید 7 سال تک انتظار کرنا پڑا اور ان کی قسمت کا دروازہ اس وقت کھلا جب قومی ٹیم سعید اجمل کے متبادل کی تلاش میں تھی۔

2015 میں زمبابوے کے خلاف ٹی20 میچ میں انہیں ڈیبیو کرایا گیا تھا جبکہ اسی سال جولائی میں انہوں نے سری لنکا کے خلاف اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا اور پھر پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔

اگلے ماہ 18دسمبر کو اپنی 35ویں سالگرہ منانے والے عماد نے 55 ون ڈے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 986 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 44 وکٹیں بھی لیں۔

تاہم ٹی20 اسپیشلسٹ تصور کیے جانے والے آل راؤنڈر نے کھیل کے سب سے مختصر فارمیٹ میں بلے سے ایک نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ 66 میچوں میں 21.78 کی اوسط سے 65 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔

وہ کیریبیئن پریمیئر لیگ میں ایک عرصے سے بہترین کھیل پیش کررہے ہیں اور اس سال بھی لیگ کی سب سے بہترین ٹیم کے رکن تھے اور اسی وجہ سے انہیں اگلے سال ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ورلڈ کپ کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا تھا لیکن اب ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کو ٹی20 میں بھی اچھے اسپنر کی تلاش شروع کرنا ہو گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved