سانحہ کارساز کو 15 سال گزر گئے

18  اکتوبر‬‮  2022

سابق وزیراعظم بینظیربھٹو 15 سال پہلے آج ہی کے دن 8 برس کی جلاوطنی کے بعد وطن واپس آئیں تو کراچی میں عوام کے سمندر نے ان کا استقبال کیا تاہم کارساز کے مقام پر ان کے استقبالی جلوس میں ہونے والے بم دھماکوں میں177 افراد جاں بحق اور 600 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کئی سال کی جلا وطنی کے بعد 18 اکتوبر 2007ء کو کراچی ائیرپورٹ پہنچیں تو عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے ان کا استقبال کیا تھا۔

پیپلزپارٹی کے جیالے ملک بھر سے اپنی قائد کے استقبال اور ایک جھلک دیکھنے کیلئے کراچی پہنچے، جہاز سے باہر آتے ہی بے نظیر بھٹونے کارکنان کا جم غفیر دیکھا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

پیپلز پارٹی کی خصوصی سکیورٹی کے حصارمیں سابق وزیراعظم کا استقبالی جلوس چند کلومیٹر کا راستہ گھنٹوں میں طے کرکے جب شاہراہ فیصل پر کارساز کے مقام پر پہنچا تو بینظیر بھٹو کے بلٹ پروف ٹرک کے قریب 2 دھماکے ہوئے، جن میں وہ خود تو محفوظ رہیں لیکن کارکنوں سمیت 177 افراد جاں بحق جبکہ 600 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو مالی امداد کے ساتھ سرکاری ملازمتیں اور مفت رہائشی فلیٹس بھی دئیے گئے، واقعے کی دو ایف آئی آرز درج ہونے کے باوجود ملزمان نہ پکڑے جا سکے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved