اگر میں صدر منتخب نہ ہوا تو خون ریزی ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کر دیا

18  مارچ‬‮  2024

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر میں صدر منتخب نہ ہوا تو خون ریزی ہوگی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اوہائیو میں ریلی سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات کی تاریخ پانچ نومبر کو تاریخی اور اپنی انتخابی مہم کو امریکا کے لیے اہم موڑ قرار دیا۔

سابق صدر ٹرمپ نے خون ریزی سے متعلق بیان امریکی آٹو انڈسٹری کو لاحق خطرات سے متعلق تبصروں کے درمیان دیا۔

ٹرمپ کا میکسیکو میں گاڑیاں بنا کر امریکیوں کو فروخت کرنے کے چینی منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر میں منتخب ہو گیا تو ایک ایک گاڑی پر سو فیصد ٹیکس لگاؤں گا اور پھر چین ان گاڑیوں کو امریکا میں فروخت کرنے کے قابل نہیں رہے گا اور اگر میں منتخب نہیں ہوا تو یہ سب کے لیے خون ریز ثابت ہوگا۔

سابق امریکی صدر نے کہا کہ یہ پورے ملک کے لیے خون ریز ثابت ہوگا لیکن چین ان گاڑیوں کو فروخت نہیں کر سکے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ٹی وی پر مناظرے کا چیلنج بھی کیا تھا۔

اس سے قبل77 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ بارہا یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ 81 سالہ جو بائیڈن ان سے مناظرے کے لیے عمر رسیدہ اور قابل رحم ہیں جبکہ اس کے جواب میں جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بوڑھا قرار دیا۔

یہ بات بھی یاد رہے کہ 2020 کے صدارتی الیکشن کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور جو بائیڈن دو مرتبہ مناظرے کے لیے ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved