وزیراعظم کی چینی سفیر سے ملاقات،چینی باشندوں کی ہلاکت پراظہارتعزیت

26  مارچ‬‮  2024

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چینی سفارتخانے جاکر چینی سفیر سے ملاقات کی اوران سے  بشام میں دہشتگرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے پانچ چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت واقعے کی اعلی سطح پر اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم نے چینی سفیر سے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ علاوہ ازیں چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلیے واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔

چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی سفارتخانے آمد اور واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی.

وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved