ہائیکورٹ کے ججز کے خط کا معاملہ، چیف جسٹس کی زیر صدارت دوسرا فل کورٹ اجلاس جاری

28  مارچ‬‮  2024

اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی جانب سے لکھے گئے خط کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے فل کورٹ اجلاس طلب  کیا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ہونے والے فل کورٹ اجلاس میں  سپریم کورٹ کے تمام ججز شریک ہیں۔

فل کورٹ اجلاس چیف جسٹس اور  وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد ہو رہا ہے۔

وزیراعظم  چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچے جہاں دونوں شخصیات کے درمیان ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم اور چیف جسٹس پاکستان کی ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں ہوئی، اس اہم ملاقات میں سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ، وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی شریک تھے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر گزشتہ روز بھی چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر غور کیا گیا اور ججز کے خط کی آئینی و قانونی حیثیت کا جائزہ لیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved