مریم نواز نے پولیس یونیفارم کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی بھی سلوالی

26  اپریل‬‮  2024

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پولیس یونیفارم کے بعد اب ایلیٹ فورس کی وردی بھی پہنیں گی اور اس سلسلے میں ان کے لیے سیاہ رنگ کی وردی سلوالی گئی ہے۔

نجی جریدے کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز ایلیٹ یونیفارم رواں ہفتے ہونے والی ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر پہنیں گی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ پولیس نے بیدیاں روڈ پر واقع ایلیٹ ٹریننگ سینٹر میں ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کےلیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، تاہم محکمہ پولیس کی جانب سے ایلیٹ فورس پاسنگ آؤٹ پریڈ کی حتمی تاریخ کا فیصلہ اب تک نہیں ہوسکا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پنجاب پولیس کے یونیفارم میں ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد پاکستانی میڈیا میں گرما گرم بحث کا موضوع بن گئی تھیں۔

اس حوالے سے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنےکی درخواست سیشن کورٹ لاہور میں دائر کر دی گئی تھی جب کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج چیف منسٹر مریم نواز پولیس یونیفارم میں پریڈ میں آگئیں، یہ ملک میں کیا ہو رہا ہے، یہ غیر سنجیدہ حکومت ہے۔

مریم نواز کی پنجاب پولیس کے یونیفارم کی ویڈیوز اور تصاویر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں تھیں، جہاں سے انہیں دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا گیا۔

سابق اداکارہ نور بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ مریم نواز حقیقی زندگی میں بھی بہت خوبصورت ہیں، کیمرے نے ان کی خوبصورتی کے ساتھ انصاف نہیں کیا، اللہ نے انہیں بہت حسین بنایا ہے۔

یہی نہیں بلکہ نامور مارننگ شو میزبان مدیحہ نقوی نے لکھا کہ آپ کچھ بھی کہیں لیکن میں نے اتنی پیاری وزیراعلیٰ کبھی نہیں دیکھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved